فیصل آباد ۔6فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، غیر سرکاری اداروں کی جانب سے بھی مستحق افراد کو بلاسود قرضوں کی فراہمی خوش آئند ہے ، اگرچہ حکومت شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے تاہم ملک کو اس وقت تک خوشحال، فلاحی، اسلامی، عوامی ریاست نہیں بنایا جا سکتا جب تک غیر سرکاری ادارے، این جی اوز اور مخیر حضرات و صاحب ثروت افراد بھی اپنا اپنا کردار ادا نہیں کرتے۔وہ اتوار کی دوپہر الفتح سپورٹس کمپلیکس سلیمی چوک ستیانہ روڈ فیصل آباد میں زاد راہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق افراد کوقرض فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تنظیم کے سرپرست اعلیٰ حاجی احسان الٰہی،چیئرمین عارف احسان،سیکرٹری جنرل جاوید نور اور تنظیم کے دیگر عہدیداربھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کے ساتھ ان کا دلی لگاؤ ہے نیز اللہ اور اس کے رسول ؐکا بھی حکم ہے کہ نچلے طبقے کی مدد کیلئے صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو بھی عام لوگوں کا احساس ہے جس کے تحت حکومت نے بہت سے پروگرام شروع کئے جن میں احساس راشن پروگرام، کامیاب پاکستان، نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی،ہیلتھ کارڈ، اپنا گھر سکیم سمیت بے شمار پروگرام شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ22کروڑسے زائد لوگوں کا ملک ہے جس کیلئے بے پناہ وسائل کی ضرورت ہے مگرپھر بھی حکومت اپنے محدوددستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد شخص ہیں جنہوں نے اپنی والدہ کی وفات کے بعد ان کے اور اپنے دکھ کو قوم کا دکھ سمجھتے ہوئے نہ صرف شوکت خانم کینسر ہسپتال کے نام سے لاہور میں دنیا کا بہترین ہسپتال قائم کیا بلکہ اسے چلا کر بھی دکھایا۔انہوں نے کہا کہ یہی نہیں بلکہ لاہور کے بعد سندھ کے دارالحکومت کراچی اور کے پی کے کے دارالحکومت پشاور میں بھی شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر کی جارہی ہے جہاں 70 فیصد افراد کا مفت علاج ہورہا ہے اور یہ عوام کا وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے کہ یہ ہسپتال لوگوں کے تعاون سے چل بھی رہا ہے اور مزید ترقی بھی کر رہا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خودداری کے ساتھ کام کیا اور باہر سے پیسہ کما کر ملک میں لائے جبکہ یہی خودداری کا جذبہ پوری پاکستانی قوم میں بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک میں روزگار ہو اور وسائل بڑھیں تاکہ ہم قرض لینے کی بجائے قرض دینے والے بنیں جس کیلئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ9 فروری کو وزیراعظم عمران خان فیصل آباد آرہے ہیں جو فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کا آغاز کریں گے جس سے ہر گھرانہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ہسپتال میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے اپنا علاج کراسکے گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کیلئے یہ بڑی خوشخبری ہے کہ اب ان کے علاج کا تمام خرچ حکومت اٹھائے گی حالانکہ قبل ازیں یہ ہوتا تھا کہ حکومتیں ٹیکس لیتی تھیں مگر اپنے لوگوں کو براہ راست ریلیف نہیں دیتی تھیں مگر اب ملکی تاریخ میں پہلی بار ہر گھرانے کو براہ راست 10 لاکھ روپے سالانہ کا ریلیف دیا جارہا ہے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ قبل ازیں لاہور، ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور، راولپنڈی میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا ہوچکا ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ گزشتہ روز سوات کے ایک شہری نے اس کا رڈ پر ڈاکٹرز ہسپتال لاہور آکراپنے دل کا کامیاب بائی پاس کروایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب صحت کارڈ کی شکل میں ہر شخص کے علاج کا خرچ حکومت اٹھائے گی اور کسی کا پیارا لاعلاج زندگی کی بازی نہیں ہارے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ویلفیئر سٹیٹ کا تصور ڈیزائن کررہے ہیں جو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک اہم قدم ہے اور انہیں اسلئے بھی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ وہ نہ تو کرپٹ ہیں، نہ انہوں نے ملکی دولت لوٹ کر باہر منتقل کی، نہ منی لانڈرنگ کی، نہ اپنوں کو نوازا،نہ اداروں کا تقدس پامال کیا بلکہ ہمیشہ صرف اور صرف غریب کی فلاح و بہبود، ملکی ترقی، عوامی خوشحالی اور قومی فلاح کو اپنا مشن بنایا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق 260 ارب روپیہ احساس پروگرام کیلئے رکھا گیا،اسی طرح 70 لاکھ غریب گھرانوں کو کفالت پروگرام کے تحت 12000 روپے کیش فراہم کیا جارہا ہے، سکول جانیوالے بچوں کو 1500 سے3000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے جس سے 70 لاکھ کے قریب بچے مستفید ہوں گے یہی نہیں بلکہ ان بچوں کو مفت تعلیم، کتب، یونیفارمز بھی فراہم کئے جا ئیں گے نیز جن خاندانوں کی ماہانہ آمدنی 45 ہزار روپے سے کم ہے اور ان کے ذہین بچے یونیورسٹیز، کالجز اور اعلیٰ پیشہ وارانہ اداروں میں ہائر ایجوکیشن حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں سالانہ 50 ہزار وظائف دیئے جائیں گے اور اب کوئی بچہ یونیورسٹیز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فیسیں یا دیگر اخراجات ادا کرنے کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کا کامیاب پاکستان پروگرام بھی اپنی مثال آپ ہے جس سے ہر شہری قرض لیکر اپنا چھوٹاکاروباشروع اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہوکر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا باعزت پیٹ پال سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بے وسائل افراد کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی بار احساس راشن پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر 120 ارب روپے کی لاگت 2 کروڑ خاندانوں کو ماہانہ آٹے، گھی، دالوں کی خرید پر 1000 روپے سبسڈی فراہم کی جا ئے گی جس کیلئے غریب افراد متعلقہ نمبر پر ایس ایم ایس کرکے اپنی رجسٹریشن کر واسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کیا جا ئے۔وزیر مملکت نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت اپنا گھر بنانے کیلئے 20 سے 25 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا جبکہ یہ سکیم میرا گھر میرا پاکستان پروگرام سے با لکل الگ ہے جس کیلئے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی ترجیحات کے منصوبوں پر کام حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراگرچہ حکومت کو کئی مشکلات اور چیلنجز کا بھی سامنا ہے تاہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت حکومت اپنا عوامی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری و ساری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران کرپٹ نہیں اور ان کی نیت با لکل ٹھیک ہے اور چونکہ وہ پیسہ بنانے کیلئے اقتدار میں نہیں آئے اسی لئے وہ صدق دل سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں انہیں شاندار کامیابی بھی حاصل ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف ہو اور ارادے پختہ ہونے سمیت نظر خدا پر ہو تو اللہ آسانیاں پیدا کر دیتا ہے لہٰذا زاد راہ کی کوشش بھی ایک احسن عمل ہے جس میں اللہ برکت ڈالے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی ترجیحات کے منصوبوں پر برق رفتاری سے عمل کر رہی ہے جس سے لوگوں کو جلد واضح ریلیف ملے گا۔ انہوں نے زاد راہ کی انتظامیہ کو اس نیک مقصد کیلئے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کرنے سمیت اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں مستحقین میں قرض حسنہ کے چیک بھی تقسیم کئے گئے۔











