سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، کریمنل لاز ترمیمی بل 2021 ، رجسٹریشن ترمیمی بل 2021، کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2021، چائلڈ لیبر کے انسداد کیلئے ترمیمی بل 2021 کی منظوری

49

اسلام آباد۔4فروری  (اے پی پی):ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کریمنل لاز ترمیمی بل 2021 ، رجسٹریشن ترمیمی بل 2021، کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2021، چائلڈ لیبر کے انسداد کیلئے ترمیمی بل 2021  کی منظوری دے دی۔  جمعہ کو ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔  اجلاس میں سینیٹر سیمی ایزدی کی جانب سے 17 جنوری 2022 کو سینیٹ اجلاس میں پیش کئے گئے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں صوبے کے قرضوں پر سود کی ممانعت کا بل 2022، سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 27 ستمبر2021 کو منعقد ہونے والے سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے کریمنل لاز ترمیمی بل 2021، سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 27 ستمبر 2021 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں متعارف کرائے گئے رجسٹریشن ترمیمی بل 2021، سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2021، سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے بل برائے چائلڈ لیبر کے حوالے سے ترمیمی بل 2021 کے علاوہ سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں پیش کی گئی موشن برائے سرکاری مکانات کی مرمت اور مینٹینس کے حوالے سے سی ڈی اے کی ناقص کارکردگی کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے نوشکی اورپنجگور میں دہشت گردوں نے کیمپ پر حملے کئے جسے ہمارے بہادر جوانوں نے پسپا کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ قائمہ کمیٹی ایف سی کے ان بہادر جوانوں کو تعریفی سرٹیفکیٹ فراہم کرے گی۔ قائمہ کمیٹی سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزنوں کی بہادری پر بھی ایک تعریفی سرٹیفکیٹ فراہم کرے گی۔ سینیٹر سرفراز احمدبگٹی نے کہا کہ صوبہ بلو چستان میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ قائمہ کمیٹی کو مجموعی امن وامان کی صورتحا ل سے آگاہ کریں جس پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ حساس نوعیت کی معلومات ہیں قائمہ کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں تمام معلومات اراکین کمیٹی کو فراہم کرنے کو تیار ہوں  جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ملکی امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے  کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس منعقد کر کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔  اجلاس میں سینیٹر سیمی ایزدی کی جانب سے 17 جنوری 2022 کو سینیٹ اجلاس میں پیش کئے گئے اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری میں صوبے کے قرضوں پر سود کی ممانعت کا بل 2022 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر سیمی ایزدی نے قائمہ کمیٹی کو بل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر رانا مقبول احمد نے کہا کہ بہتریہی ہے کہ وزارت قانون سے رائے لی جائے تاکہ پورے ملک میں ایک جیسے قانون کا نفاذ عمل میں لایا جائے یہ نہ ہو کہ کسی صوبے کچھ سزا اور دوسرے میں کچھ اور ہو۔ قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ایسے قوانین مرتب کئے جائیں جو پورے ملک کیلئے مطابقت رکھتے ہوں۔جس پر چیئرمین کمیٹی نے وزارت قانون کے حکام کو ہدایت کہ بل کاجائزہ لے کر موازنہ رپورٹ کے ساتھ کمیٹی کو فراہم کیا جائے تاکہ پورے ملک کیلئے قوانین مطابقت رکھتے ہوں مزید جائزہ آئندہ اجلاس موازنہ رپورٹ کے ساتھ لیا جائے گا۔  سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 27 ستمبر2021 کو منعقد ہونے والے سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے کریمنل لاز ترمیمی بل 2021 کا کمیٹی اجلاس میں تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ یہ بل پہلے بھی سینیٹ اجلاس میں پیش کیا گیا تھا جو ایوان سے پاس ہو کر قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا مگر قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے بعد یہ بل لیپس کر گیا۔ یہ بل وہی ہے کوئی نئی چیز نہیں ڈالی گئی۔ ملک میں خودکشی کرنے والے اگر بچ جائیں تو ہسپتال والے ان کا علاج کرنے کی بجائے پہلے قانونی کارروائی کرتے ہیں جس سے بے شمارافراد جان کی بازی ہار بھی جاتے ہیں۔خودکشی کرنا گنا ہ کبیرہ ہے مگر کوئی بھی نارمل آدمی خود کشی کی کوشش نہیں کرتا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بے شمار ممالک نے ان سزاؤں کو خارج کر دیا ہے مگر پاکستان میں اگر کوئی بچہ یا بچی دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کی کوشش کرے تو والدین ہسپتال نہیں لے جاتے کہ ایف آئی آر درج ہو گی۔ڈی جی اسلامی نظریاتی کونسل انعام اللہ نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ بل 2017 میں اسلامی نظریاتی کونسل کے پاس آیا تھا کونسل نے ڈاکٹروں اور قانونی ماہرین سے بھی رائے حاصل کی تھی۔ خود کشی گنا ہ کبیر ہے اور جو کوئی گناہ کی کوشش کرے وہ کوشش بھی گناہ ہے۔قائمہ کمیٹی نے بل کا تفصیل جائزہ لیتے ہوئے متفقہ رائے سے بل کو منظور کر لیا۔ سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 27 ستمبر 2021 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں متعارف کرائے گئے رجسٹریشن ترمیمی بل 2021 بل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر شہادت اعوان نے قائمہ کمیٹی کوبل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔۔ قائمہ کمیٹی نے بل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔  سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2021 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔سینیٹر عرفان  صدیقی نے کہا کہ جوڈیشل اور ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ علیحدہ ہیں۔آئی سی ٹی انتظامیہ کو جوڈیشل اختیارات نہیں دینے چاہیں جو ہمارا آئین بھی کہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کے گھر کے کرائے دار کے شناختی کاغذات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مجھے آدھی رات کو گرفتار کر کے 14 دن کیلئے اڈیالہ جیل میں بھیج دیا گیا۔ کرائے دار تین دن پہلے شفٹ ہوا تھا اور گھر بھی میرے بیٹے کے نام تھا۔ مجھے ہتھکڑی لگا کر ایک اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے پیش کیاگیا ایسے قوانین کو ختم ہونا چاہیے۔ انتظامیہ اپنے کام کرے جوڈیشل مجسٹریٹ اپنے کام کرے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سینیٹر عرفان صدیقی سے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس واقعے کے دوران اسلام آباد موجود نہیں تھے کراچی تھے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے بل کو اصولی طور پر منظور کرتے ہوئے وزارت قانون، وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کے ساتھ مل کر اس بل کی نوک پلک درست کریں۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے چائلڈ لیبرکے حوالے سے ترمیمی بل 2021 کا تفصیل سے جائز ہ لیا گیا۔سینیٹر شہادت اعوان نے قائمہ کمیٹی کو بل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔قائمہ کمیٹی نے بچوں سے چائلڈ لیبرکرانے والے والدین کے حوالے سے تجویز کردہ جرمانے کو 20 ہزار روپے کی بجائے 5 ہزار روپے کرنے اور دوسرے حصے میں زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز کے ساتھ بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے 17 جنوری2022 کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں پیش کیے گئے موشن برائے سرکاری مکانات کی مرمت اور مینٹینس کے حوالے سے سی ڈی اے کی ناقص کارکردگی کے معاملات کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے تدارک کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی کے اجلاسوں میں قانون سازی کے حوالے سے ایجنڈے کو زیر بحث لایا جائے۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ کے ایجنڈے کو آج صرف اختیار کرتے ہیں حالات ٹھیک ہونے پر قائمہ کمیٹی سینیٹر کامران مرتضیٰ کے ساتھ متعلقہ جگہوں کا سروے کر کے رپورٹ تیار کرے گی اور معاملات کا تفصیل جائزہ بھی لیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹرز اعظم نذیر تارڑ، سیف اللہ ابڑو، رانا مقبول احمد، شہادت اعوان، محمد طلحہ محمود، فوزیہ ارشد، سرفرا ز احمد بگٹی، دلاور خان، سیمی ایزدی، عرفان صدیقی اور کامران مرتضیٰ کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ، ڈپٹی ڈرافٹ مین وزارت قانون، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی اسلامی نظریاتی کونسل، ڈائریکٹر مینٹینس سی ڈی اے کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔