صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے 24 فروری کو اسلام آباد میں ریلی کے انعقاد کا اعلان

37

اسلام آباد۔7فروری  (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے اور کشمیری رہنمائوں سے مشاورت کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 فروری کو ریلی کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ پیر کو قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلی کا آغاز نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ہو گا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ریلی کا اختتام ڈی چوک پر ہو گا جہاں کشمیری قائدین ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقہ سے اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے حالیہ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلہ کے تحت کشمیری رہنمائوں سے مشاورت کے بعد ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کا آغاز دن ساڑھے 11 بجے ہو گا جو ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔