عوامی خدمت مہم کی کامیابی کے لئے تمام سرکاری ادارے جی جان سے کوشش کریں ،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

23

دیپالیور  ۔10فروری  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ عوامی خدمت مہم کی کامیابی کے لئے تمام سرکاری ادارے جی جان سے کوشش کریں، پنجاب حکومت نے مختلف محکموں کے لئے جو اہداف مقرر کئے ہیں ان کے حصول کے لئے اس انداز سے کوشش کی جائیں کہ مقررہ مدت میں لوگوں کے لئے سہولت اور آسانی پیدا کی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ساہیوال ڈویژن کے ساتھ ہونے والی ویڈیو لنک میٹنگ کے بعد افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ عوامی خدمت مہم کی ڈپٹی کمشنر آفس اور کمشنر آفس کے ذریعے نہ صرف نگرانی کی جار ہی ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر اعدادو شمار پنجاب حکومت کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے چیف افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیوریج لائنوں کی بحالی ،مین ہولوں کے ڈھکن لگانے ،سٹریٹ لاءٹس کی مرمتی ،بازار میں بجلی کے لٹکتی ہوئی تاروں کو درست کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیف سیکر یٹری پنجاب نے جو ہدایت جاری کی ہوئی ہے ان پر سو فیصد عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے ۔