فیصل آباد سمیت ڈویژن کے ہر شہری کو 10 لاکھ روپے کے ہیلتھ کارڈ کا اجراوزیراعظم کا تاریخ ساز اقدام ہے، شہری جلد از جلد رجسٹریشن کر واکر سہولت سے مستفید ہوں، میاں نبیل ارشدکا عوامی آگاہی کیلئے قائم کیمپوں کے دورہ پر اظہار خیال

60

فیصل آباد  12  فروری  (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ڈویژن کے ہر شہری کو 10 لاکھ روپے کے ہیلتھ کارڈ کا اجراوزیراعظم عمران خان کا تاریخ ساز اقدام ہے لہٰذا شہری جلد از جلد رجسٹریشن کر واکراس سہولت سے مستفید ہوں جن کی سہولت کیلئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی خصوصی ہدایت پر حلقہ کے مختلف مقامات پر آگاہی و رجسٹریشن کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں پی ٹی آئی کے کارکنان موجود اور عوام الناس کی رہنمائی و معاونت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں اوراس ضمن میں شہریوں کے مسائل کو بھی حل کروایا جا رہا ہے۔ یہ بات فیصل آباد کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت میاں نبیل ارشدنے ہفتہ کوہیلتھ کارڈکے بارے میں رجسٹریشن و عوامی آگاہی کیلئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب کے حلقہ نیابت میں مٹھائی والا چوک وارث پورہ اور بعض دیگر مقامات پر قائم کئے گئے صحت کارڈ رجسٹریشن کیمپوں کے دورہ کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی ٹیم این اے108 ورپی پی 107 کے ارکان اور کارڈ ہولڈر اہلیان علاقہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے نیا پاکستان کے ویژن کے تحت فیصل آباد سمیت ڈویژن کے ہر شہری کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجراسے اب ہر گھرانہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک کسی بھی اعلان کردہ بیماری کی صورت میں اپنے پسند کے سرکاری و پرائیویٹ اورپینل پر موجود بڑے سے بڑے نجی ہسپتال سے باعزت طور پر ایک روپیہ بھی خرچ کئے بغیر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج کر واسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی ہدایت پر ان کی ٹیم ہیلتھ کارڈز کے حوالے سے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کرے گی تاکہ کسی بھی جگہ کسی بھی شہری کو اپنے علاج معالجہ کے ضمن میں کوئی مشکل یا دشواری پیش نہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے حکام سے بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے لہٰذا اگر کسی جگہ کوئی رکاوٹ درپیش آئی تو اسے فوری دور کردیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے ہر شخص بلاامتیاز خواہ اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا گروپ سے ہو بلا تفریق برابری کی بنیاد پر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج معالجہ کر واسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار امیر غریب یا متوسط و سفید پوش یا کسی دیگر حیثیت کو بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو مساوی یہ سہولت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی شہری 8500 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر سینڈ کرکے قومی صحت کارڈ کے بارے میں اپنے خاندان سے متعلق معلومات یا ہیلپ لائن 080009009 سے رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔ اس موقع پر بعض افرادنے اپنے شناختی کارڈ اور اپنے اہل خانہ کے بعض افراد کی تاحال نادرا میں رجسٹریشن نہ ہونے سمیت بعض دیگر مسائل کی نشاندہی کی جس پر انہوں نے متعلقہ نادرا و دیگر حکام کو ضروری ہدایت بھی جاری کی جبکہ انہیں ہیلتھ کارڈ پینل پر موجود ہسپتالوں کی فہرست بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما میاں محمد ارشد،چوہدری کاشف گجر،چوہدری عبدالرحمن رحمانی،محمد ثاقب علی،میاں محمد رضوان و دیگر بھی موجود تھے۔