مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے،ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں؛فرخ حبیب

16

اسلام آباد،3فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے،ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پورے پاکستان اور دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں کشمیر بستا ہے،پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا،وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں بھی مسئلہ کشمیر پر بات ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزکے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈیجیٹل تصاویری نمائش کے موقع پر شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  یوم یکجہتی کشمیر پر شاندار نمائش کے انعقاد پر ڈیمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم اور بربریت کو طلباء نے پینٹنگز کے ذریعے اجاگر کیا ہے،کشمیر کی ماؤں، بہنوں کی تکالیف کوہم محسوس کرتے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان ہمیشہ آواز بلند کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے ہندوستانی قدم کے بعد سے 80 لاکھ کشمیری قید ہیں، نہ میڈیا آزاد ہے نہ سوشل میڈیا چل رہا  ہے، مودی کی آر ایس ایس سوچ کا عملی مظاہرہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی صورت میں دیکھا جاسکتا ہے۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ برہان وانی جیسے جوان کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے سچے وکیل اور دلیر سفیر کا کردار کیا اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر موثر انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بندوستانی مظالم کو اجاگر کرنے پر اب مغربی میڈیا نے بھی اس مسئلہ پر بات کرنا شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھی اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنے چاہئیں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے۔

 وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہم کشمریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر پورے پاکستان اور دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا،وزراعظم عمران خان کے دورہ چین میں بھی مسئلہ کشمر پر بات ہوگی۔

 اس موقع پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر کا  بھی  مشاہدہ کیا۔

 شرکاء کو کشمیر کہانی کے عنوان سے ہندوستان کے ظلم اور بربریت پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، وزیر مملکت فرخ حبیب نے طالبات کے مابین پینٹنگز مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔

ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزہر سال یوم یکجہتی پر ہندوستانی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے تصویری نمائش کا اہتمام کرتا ہے۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات مبشر توقیر اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی ۔