وزیراعظم کا چین کا دورہ سیاست کے علاوہ معیشت کے بھی اہم ہے، وزیرخزانہ شوکت ترین

25

اسلام آباد۔3فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین نہ صرف سیاسی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے بھی اہم دورہ ہوگا۔ چین پوری دنیا میں اپنی انڈسٹری لگا رہاہے ان سے کہیں گے کہ پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے یہ بات چین روانگی سے قبل میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے چھٹی قسط منظور ہو گئی ہے جومعیشت کے لئے خوش آئند ہے۔ آئی ایم ایف موجودہ حکومتی معاشی پالیسیوں سے متفق ہے۔ انشا ء اللہ اس سے ہماری کرنسی اور معیشت میں استحکام آئے گا۔ شوکت ترین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اب چین کا دورہ کررہے ہیں ، یہ دورہ نہ صرف سیاسی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے بھی اہم دورہ ہوگا۔ چین پوری دنیا میں صنعتیں لگارہاہے، چین سے پاکستان میں بھی زیادہ سرمایہ کاری کیلئے کہیں گے ۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان میں اقتصادی زونزتیارہیں، اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اپنے چین کے دورے میں زرعی ٹرانسفرمیشن منصوبے کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ زراعت ہماری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اورموجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے رواں سال فصلوں کی ریکارڈکی پیداوارمتوقع ہے۔