مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون تھا، ہے اور رہے گا،پاکستان نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

25

اسلام آباد،04فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون تھا، ہے اور رہے گا،پاکستان  نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا،کشمیری عوام آج بھی عالمی انصاف کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے   پانچ فروری یوم یکجہتی  کشمیر کے حوالے سے اپنے اہم ویڈیو پیغام میں کہا  کہ 5 فروری کو اس سال بھی ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 1990 میں جب نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے تو پاکستان نے عالمی برادری کو باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آپ نے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ ایک وعدہ کیا تھا،جو ابھی تک ایفا نہیں ہو سکا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اس حوالے سے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی  ان کو فیصلے کا اختیار دیا جائے گا اور ان کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں  90 کی تاریخ آج پھر دہرائی جا رہی ہے،نہتے کشمیریوں کو سرچ اینڈ کوارڈن آپریشن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے انہیں ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور معصوم کشمیریوں، عورتوں، بچوں کو بہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 5 فروری کو اظہار یکجہتی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ اس حق خود ارادیت کی جدوجہد میں  شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستان نہتے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون تھا، ہے اور رہے گا،ہم مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے بنیادی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری  تنہا تھے اور نہ تنہا ہیں،5 فروری کو انشاءاللہ پوری قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریگی۔