ملکہ کوہسار مری میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن کنٹرول سینٹر(DEOC) جلد قائم کردیاجائیگا، میاں خالد محمود

20

مری، 18 فروری(اے پی پی): ملکہ کوہسار مری میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن کنٹرول سینٹر(DEOC) جلد قائم کردیاجائےگا۔تحصیل مری پنجاب کی پہلی تحصیل ہے جہاں یہ سینٹر قائم کیاجارہا ہے جبکہ پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی مری میں ایک ویئرہاؤس بھی قائم کریگی جس میں لاجسٹک،گاڑیاں اوردیگر ایمرجنسی کااربوں روپے کاسامان دستیاب ہوگا،جنگلات کو آگ سے بچانے کیلئے اوردیگرایمر جنسی کی صورت میں ہرقسم کاضروری سامان وافرمقدارمیں موقع پردستیاب ہوگا جبکہ ایک ویئرہاؤس سے 8 سے 10 اضلاع کوسامان مہیاکیاجاتا ہے،7 جنوری کو طوفانی برفباری میں سانحہ مری انتہائی المناک اورافسوسناک واقعہ تھا جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے مستقبل میں ایسے واقعا ت کوروکنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصو صی توجہ دے رہے ہیں وزیر اعلیٰ کی ہدایات،ایسے واقعات کوروکنے اورمری کی سیاحت کے فروغ کیلئے مری کادورہ کررہا ہوں ان خیالات کااظہارپنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے وزیر میاں خالد محمود نے گذشتہ روز کوہسار یونیورسٹی کشمیر پوائنٹ مری کے ہال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں مری میڈیا،اسسٹنٹ کمشنر مری،ڈی ایف اومری،محکمہ ہائی وے مکینکل، ریسکیو 1122مری اوردیگرمتعلقہ سرکاری محکموں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اورڈائریکٹر پی ڈی ایم اے امتیاز کھچی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی ای اوسی پنجاب کے 36 اضلاع میں بنائے گئے ہیں جو دیہی محکمہ مال سے بھی منسلک کیاگیا جس سے رابطوں کے نہ ہونے کامسئلہ حل ہوگیا ہے یہ سینٹرزپنجاب بھر سے منسلک ہیں اورکسی بھی ایمرجنسی میں فوری امدادی کاروائیاں ہوتی ہیں، امتیاز کھچی نے بتایاکہ پنجاب بھر میں 2 ویئرہاؤسز کام کررہے ہیں اوردومزید ویئرہاؤس بنائے جارہے ہیں جن میں وزیر پی ڈی ایم اے  میاں خالد محمود نے مری میں بھی جلد قائم کرنے کا وعدہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ مری کی سیاحتی اہمیت کے پیش نظر مری میں سیاحوں کوسہولیات کی فراہمی اوردیگرمسائل کے حل کیلئے پورے وسائل حکومت پنجاب مہیاکریگی اس سلسلے کم مدتی،درمیانی مدت اورطویل مدت کے منصوبوں کاجلد آغاز کردیاجائیگا، رابطوں کے فقدان کے باعث مسائل پیداہوتے ہیں بہترکمیونیکیشن سے ان کو حل کرنا انتہائی ضروری ہے ڈی ای اوسی رابطوں کابہترین ذریعہ ہے وزیر پی ڈی ایم اے نے کہا کہ تمام افسران مقامی کمیونٹی کے تعاون سے تمام مسائل پرقابوپاسکتے ہیں سب کواپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔

قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدرسکندری نے مری کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی جس پر وزیر پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب حکومت سنجیدگی سے ان پر کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی مری کے مسائل کے حل کیلئے بات کرکے خصوصی پیکج دلاؤں گا اور کہا کہ  ملکہ کوہسارمری وطن عزیز کااہم ترین سیاحتی مرکز ہے جس میں بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں ڈی ایف اومری جنیدممتاز،ایکسیئن ہائی وے مشینری دلشاد،ٹریفک پولیس انسپکٹر بابر،رسیکیو 1122 مری کے صبغت اللہ اور افسران بھی موجودتھے۔

سورس:وی این ایس،مری