اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے یہ ہدایت وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق ،وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی سے گفتگو کرتے ہوئے دی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لئے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔











