بیجنگ۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب جمعہ کو نیشنل سٹیڈیم بیجنگ میں منعقد ہوئی جس کا افتتاح چینی صدر شی جن پنگ نے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق91 ممالک کے تقریباً 3000 اتھلیٹس109 میڈل ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ افتتاحی تقریب میں اتھلیٹس نے پریڈ کی جن میں محمد کریم بھی شامل تھے جو الپائن اسکیئنگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر سٹیڈیم میں موجود دیگر تماشائیوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کا خیرمقدم کیا۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس 20 فروری تک جاری رہیں گی۔ اتھلیٹس نے شاندار داخلی راستے سے سٹیڈیم میں قدم رکھا جسے ”گیٹ آف چائنا” اور ”ونڈو آف چائنہ” کہا جاتا ہے۔ ”گیٹ آف چائنہ” اس بات کی علامت ہے کہ چین نے اولمپک سرمائی کھیلوں میں دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں۔