اسلام آباد ،02فروری (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ہم نے قونصلر سروسز کے حوالے سے بہت سی مثبت تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ہم نے قونصلر سروسز کے حوالے سے بہت سی مثبت تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، ہمارے بہت سے سفراء نے اس اجلاس میں ورچوئل شرکت کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سنٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز تشکیل دی گئی جس کا آج پہلا اجلاس منعقد ہو رہا ہے، قونصلر سروسز میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجراء،قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ویزا سروسز، شہریت کی تصدیق، ایمرجنسی سفری دستاویزات کا اجراء سمیت بہت سی خدمات شامل ہیں جو پوری دنیا میں ہمارے سفارتخانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قونصلر سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی ربط بہت اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری ہدایت پر، ہمارے تمام سفراء بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ “ای کچہریاں” منعقد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے، پاور آف اٹارنیز کی تصدیق کو آن لائن بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیر خارجہ کو نادرا کی جانب سے پاکستانی سفارتخانوں میں نئے کھولے گئے نادرا کاؤنٹرز اور پیش کردہ خدمات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، وفاقی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، چیئرمین نادرا و دیگر وزارتوں کے سینیئر افسران شریک ہوئے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے بذریعہ ویڈیو لنکس اجلاس میں شرکت کی۔











