وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیول ہیڈ کوارٹرز آمد، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی

29

اسلام آباد،01 فروری(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی، جس دوران علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وزیر خارجہ کو پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور پاک بحریہ کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کو ہر ممکن حکومتی تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر خارجہ نے ملکی معیشت میں میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور اس حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور بحری سفارتکاری کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے پر پاک بحریہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

امیرالبحر نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک بحریہ ہمیشہ اپنی ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔