نواز شریف کی جعلی میڈیکل رپورٹ پاکستان کے قانونی نظام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، شریف فیملی جعلی میڈیکل رپورٹس بھیجنے کا سلسلہ بند کرے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے گفتگو

27

اسلام آباد۔1فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جعلی میڈیکل رپورٹ پاکستان کے قانونی نظام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، شریف فیملی جعلی میڈیکل رپورٹس بھیجنے کا سلسلہ بند کرے، نواز شریف کے پاس آسان راستہ یہی ہے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کا پیسہ واپس کریں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے ایک دلچسپ میڈیکل رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی ہے، اس رپورٹ میں واشنگٹن میں مقیم ڈاکٹر شال نے لندن میں مقیم نواز شریف کے بارے میں لکھا کہ وہ دبائو کا شکار ہیں اور کووڈ 19 کی وجہ سے نواز شریف کی حالت ایسی نہیں کہ وہ پاکستان کا سفر کر سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے امریکہ میں بیٹھے ہوئے اپنے ذاتی معالج سے جعلی میڈیکل رپورٹس تیار کروا کر پاکستان بھجوانا پاکستان کے عدالتی نظام اور قوانین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاس آسان راستہ یہی ہے کہ وہ پاکستان کے عوام کا پیسہ واپس کریں، اس کے بعد وہ لندن میں رہیں، جعلی رپورٹیں بھجوانے سے ان کا مقصد پورا نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رپورٹ میں صرف یہی کمی ہے کہ نواز شریف کو ہائیڈ پارک کے علاوہ کسی دوسری جگہ واک کرنے کی بھی اجازت نہیں، اس سے ان کے اسٹریس میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی جعلی رپورٹس تیار کروا  کے پاکستان بھجوانے سے گریز کرے ،    شریف فیملی قانونی راستہ اختیار کرے اور پاکستان کے لوگوں کا پیسہ واپس کرے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں عدلیہ ایسی جعلی رپورٹس کا سختی سے نوٹس لے گی اور ملک کا وقار بحال کرے گی۔