وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کے حلقہ میں 3کروڑ اور60 لاکھ کی لا گت سے2 نئی سیوریج لائنز ڈالنے کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا گیا

23

فیصل آباد ،18فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب کے حلقہ نیابت این اے 108 فیصل آباد کے علاقہ 225 ملکھانوالہ میں 3 کروڑروپے اورسرسید ٹاؤن ڈی بلاک فیصل آباد میں 60 لاکھ روپے کی لا گت سے2 نئی سیوریج لائنز ڈالنے کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا گیاجن کے مہمان خصوصی وزیر مملکت کے نمائندہ اور پی ٹی آئی کے رہنما و ممتاز سیاسی شخصیت میاں نبیل ارشد تھے جبکہ اس موقع پر معززین علاقہ اورپی ٹی آئی کے کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

میاں نبیل ارشد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائنز ڈالنے کا عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا گیاہے جس سے جہاں نکاسی آب میں فوری مدد ملے گی وہیں بارش وغیرہ کی صورت میں پانی بھی  سڑ کوں  اور گلی محلوں میں کھڑا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مذکورہ علاقوں میں صحت و صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ  ملکھا نوالہ میں سیوریج لائن ڈالنے کا منصوبہ زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں مکمل کر لیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار پر واضح کر دیا گیا ہے کہ منصوبہ کی تکمیل میں معیار و مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور نہ ہی ناقص میٹریل کے استعمال کی کوشش برداشت کی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں گزشتہ ادوار میں بھی اہلیان علاقہ اس سکیم کیلئے کوششیں کرتے رہے مگر ماضی کے عوامی نمائندوں کی ترجیحات عوامی خدمت کی بجائے کچھ اور تھیں لیکن فرخ حبیب کا ان سے وعدہ تھا کہ ان کے تمام مسائل کو حل کیا جا ئے گا جسے آج پورا کر دیا گیا ہے۔

 میاں نبیل ارشد224 میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر جاری کام کی پیشرفت کا جائز ہ لینے کے بعد سر سید ٹاؤن ڈی بلاک فیصل آباد پہنچے جہاں اہلیان علاقہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پرانہوں نے60 لاکھ روپے کی گرانٹ سے تعمیر ہونیوالی سیوریج سکیم کا افتتاح کیا جس پر اہل علاقہ نے ان کاشکریہ اد ا کیا۔میاں نبیل ارشد نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، علاقائی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کو اولین ترجیح سمجھتی ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 108 سمیت فیصل آباد کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے مثالی شہر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جا ئے گی۔

سورس:وی این ایس،  فیصل آباد