وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے محتسب کا ادارہ ہمہ وقت کوشاں ہے؛وفاقی ریجنل محتسب غلام سرور

10

لسبیلہ،21 فروری(اے پی پی ): وفاقی ریجنل محتسب غلام سرور بروئی نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور سرکاری اداروں میں بدانتظامی کی روک تھام میں محتسب کا ادارہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ بار ایسوسی ایشن عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سوئی گیس، واپڈا، این ایچ اے اور دیگر وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کیلئے لسبیلہ کے صنعتی شہر حب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاریا ہے، وفاقی اور صوبائی محتسب بلوچستان کےذمہ داران بھی صوبائی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے  کیلئے کھلی کچہری میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ ایک صنعتی شہر ہے، صنعتی شہر کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے لسبیلہ انتظامیہ کے افسران بھی کھلی کچہری میں شریک ہونگے ۔

وفاقی اور صوبائی محتسب کے ذمہ داران کو لسبیلہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے مسائل  انکےروزگار کے تحفظ اور سی ایس آر پر عملدرآمد کے حوالے سے فیکٹری مالکان کی عدم دلچسپی کی صورتحال بارے  آگاہی دی گئی۔

اس موقع پر وفاقی ریجنل محتسب غلام سرور بروئی اور محتسب اعلی بلوچستان نذر محمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق عوامی مسائل  کی نشاندہی اور انکے حل کیلئے ادارہ محتسب  اپنا کردار بھرہور انداز میں نبھا رہی ہے۔ آن لائن شکایات کا طریقہ عام آدمی کیلئے سہل بنایا گیا ہے۔