وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے امریکہ کیلئے  نامزد  سفیر سردار مسعود خان کی ملاقات

28

اسلام آباد۔16فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے امریکہ میں نامزد پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے بدھ کو یہاں ملاقات   کی۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے سردار مسعود خان کو امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے سردار مسعود خان کی بطور سفیر کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ نامزد سفیر سردار مسعود خان نے وزیر داخلہ سے پاک امریکہ تعلقات اور دیگر معاملات پر رہنمائی حاصل کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ  پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری کے لئے آپ کا بطور سفیر کردار انتہائی اہم ہے، امید ہے کہ پاکستان آپ کی سفارتکاری کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ہمارا بہترین اثاثہ ہیں ، بیرون ملک پاکستانیوں  کو سہولیات دینے کے لئے وزارت داخلہ آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ اپنی تمام تر توانائیاں بیرون ملک پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں صرف کروں گا، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، تعلیم اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔