ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او کی زیرصدارت کمپنی انتظامیہ کا اجلاس، ملتان کو خوبصورت بنانے کے لئے سفارشات کی تیاری شروع

25

ملتان،18فروری(اے پی پی): اولیاؤں کے شہر ملتان کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لئے سفارشات کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں ملتان  ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر کی صدارت میں کمپنی انتظامیہ کا پانچ گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں  انتظامیہ نے نئی مشینری کی خریداری کو ناگزیر قرار دے دیا ہے اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر اور پروکیورمنٹ کمیٹی کو فیصلہ کن اقدامات کے لئے قائل کرنے کے لئے سفارشات کی تیاری شروع کردی ہے۔اجلاس میں کمپنی سیکرٹری کبیر خان، چیف انٹرنل آڈیٹر آصف طاہر،منیجرز عقیل احمد، آصف شبیر،حبیب اللہ ظفر،عمران خان ،حسن امجد اور ڈپٹی منیجرز عمر فاروق اور اسد خورشید نے شرکت کی۔

ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشینری کی کمی کی وجہ سے شہر میں روزانہ زیرو ویسٹ کا ٹارگٹ حاصل نہیں کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف ملتان شہر کی آبادی بڑھنے کی وجہ سے ویسٹ میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ  زیرو ویسٹ کے لئے معمول کی صفائی کے علاوہ سپیشل صفائی آپریشن شیڈول دئیے جاتے ہیں کیونکہ  کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت ہے کہ صفائی کے حوالے سے  شہر کا کوئی علاقہ نظر انداز نہ کیا جائے۔

محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ شہر سے روزانہ تمام کوڑا سمیٹنے کے لئے کمپنی کو نئی مشینری سے لیس کرنا ضروری ہے،فنڈز ہونے کے باوجود مشینری کی خریداری دو سال سے التواء کا شکار ہے جبکہ صوبے کی دیگر تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں نے نئی مشینری کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ نئی مشینری کی خریداری سے بوسیدہ مشینری پر مرمت کے اخراجات سے نجات مل جائے گی دوسرا  عیدالاضحیٰ پر کرائے پر مشینری حاصل نہ کرنے سے بھی لاکھوں روپے کی بچت ہو گی۔سی ای او نے  کمپنی انتظامیہ کو سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ کمپنی کے بی او ڈی کو نئی مشینری کی خریداری کے لئے پریزنٹیشن دی جاسکے۔

سورس: وی این ایس، ملتان