پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات اور علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے؛ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

38

اسلام آباد ،24 فروری (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات اور علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وفد کے ہمراہ روسی وزیر خارجہ سرگئ لیوروف کے ساتھ ملاقات  میں کیا، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی وزیر خارجہ نے ماسکو آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر  وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور روس کے مابین تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ  کیا۔

روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی ۔

روسی وزیر خارجہ نے 22/23 مارچ کو اسلام آباد میں متوقع او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات   میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی میں موجود تھے۔