راولپنڈی۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو چین کے دورہ سے وطن واپسی پر نور خان ایئر بیس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خطے اور پاکستان کے معاشی حالات بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے وزیراعظم کے دورہ چین پر تنقید کی، بدقسمتی سے انہیں باہمی اور کثیر الجہتی دوروں کے ہجے تک نہیں معلوم اور وہ خارجہ امور کے ماہر بنے بیٹھے ہیں، عمران خان کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی، اپوزیشن نے کل دو گھنٹے سر جوڑا، یہ کئی دن بھی سر جوڑ لے، ناکامی اس کا مقدر ہے، کل کی محفل میں شہباز شریف اور بلاول صاحب ماتم کناں تھے، مریم نواز بھی اس محفل میں شامل ہوئیں اور ہم پانچ کی سیریز چلی، ان کی چیخیں آسمان پر سنائی دے رہی تھیں کہ وزیراعظم کا دورہ چین کتنا کامیاب ہوا ہے، اپوزیشن نے پانچ فروری کو ”یوم یکجہتی چوراں” ڈیکلیئر کیا، انہیں بہت جلد مزید ادویات کی ضرورت ہوگی۔ بلاول بھٹو لانگ مارچ تو دور شارٹ مارچ بھی نہیں کر سکتے، لانگ کے لفظ میں جتنے ہجے ہیں اتنے ان کے پاس لوگ بھی نہیں کہ وہ مارچ کر سکیں۔ وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب رہا، اس دورے کے نتیجے میں معاشی استحکام آئے گا، پاکستان اور چین کے تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں جو پاکستان کی معیشت کو بھی بدل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، جو محبت اور گرمجوشی چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان کے لئے دکھائی ہے وہ فقید المثال تھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس دورے پر بے جا تنقید کی، ایسے لوگوں کو باہمی دوروں اور کثیر الجہتی دوروں کے ہجے تک نہیں آتے بدقسمتی سے آج وہ خارجہ امور کے ماہر بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیس سے زائد سربراہان مملکت چین میں مدعو تھے، جس طرح وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا گیا اسی طریقے سے دیگر سربراہان مملکت کا بھی استقبال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کے لوگوں نے پاکستان ٹیم کے لئے جو محبت دکھائی وہ شاید ہی کسی دوسری ٹیم کے لئے دکھائی گئی ہو۔











