کرونا وباء کے خاتمہ کے بعد چین کے صدر پاکستان آئیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی پریس کانفرنس

36

 

راولپنڈی۔6فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو چین کے دورہ سے وطن واپسی پر نور خان ایئر بیس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وباء کے خاتمہ کے بعد چین کے صدر پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دورہ پر ایم ایل این ون منصوبے پر بھی بات ہوئی، اس کے علاوہ آئی ٹی، ٹیکسٹائل، چاول کی برآمدات سمیت سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے قیام پر بھی بات ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر اکیس کلسٹرز پر بات ہوئی ہے۔ چین کے صدر اور وزیراعظم کو ایک پچ بک تیار کر کے دی ہے، اس پر سیکٹورل فریم ورک بن گیا ہے، انشاء اللہ اس پر تیزی سے پیشرفت ہوگی۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان سے ایک ملین ٹن چاول اور سیمنٹ کلنکر کی خریداری سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر تجارت کے ذریعے حاصل ہو سکتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ تیار ہوئی، اس کے بعد سڑکیں تیار ہوئیں، پاور پراجیکٹ بنائے گئے، اب جو کنیکٹیویٹی تیار کی ہے اس کے دائیں بائیں انڈسٹریاں لگنی ہیں جو ایک مشکل اور طویل مرحلہ ہے، اس پر کام سست روی سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ چین کو پاکستان کی قیادت اور پاکستان کی قیادت کو چین پر مکمل اعتماد ہے، دونوں اطراف سے نجی شعبے کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔