ملتان، 01 فروری (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات کی عوام کو انکی دہلیز پر فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں دیہی علاقوں میں قائم ہسپتالوں اور مراکز صحت میں تمام طبی سہولیات اور پیرا میڈیکل سٹاف فراہم کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ بنیادی مرکز صحت علی پور سادات اور ٹی ایچ کیو ہسپتال جلالپور پیروالہ کے دورے کے موقع پر طبی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پرگائنی وارڈ اور ادویات کی چیکنگ بھی کی۔
کمشنر نے بی ایچ یو میں صفائی اور سہولیات مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مراکز صحت پر ادویات اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے،صحت کی سہولیات کی فراہمی پر حکومت کی خصوصی توجہ ہے، دیہی علاقوں کے ڈاکٹرز کو بہترین مراعات فراہم کرینگے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلع کے مراکز صحت پر ڈاکٹرز اور سٹاف کی کمی پوری کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، شہریوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات انکی دہلیز پر دینا مشن ہے۔
بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کورونا ویکسی نیشن کاونٹر کا بھی معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کامران بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالہ طارق محمود بھی انکے ہمراہ تھے۔











