ہمیں اتنے وسائل پیدا کرنے ہیں کہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں اور  قرض لینے والوں کے بجاۓ قرض دینے والوں میں شمار ہوں،وزیر مملکت فرخ حبیب  کا زاد راہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قرض حسنہ فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب

19

فیصل آباد  ۔6فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اتوار کی دوپہر الفتح سپورٹس کمپلیکس سلیمی چوک ستیانہ روڈ فیصل آباد میں زاد راہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق افراد کوقرض فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اتنے وسائل پیدا کرنے ہیں کہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں اور  قرض لینے والوں کے بجاۓ قرض دینے والوں میں شمار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، غیر سرکاری اداروں کی جانب سے بھی مستحق افراد کو بلاسود قرضوں کی فراہمی خوش آئند  ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ادارہ کے ساتھ ان کا دلی لگاؤ ہے نیز اللہ اور اس کے رسول ؐکا بھی حکم ہے کہ نچلے طبقے کی مدد کیلئے صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو بھی عام لوگوں کا احساس ہے جس کے تحت حکومت نے بہت سے پروگرام شروع کئے جن میں احساس راشن پروگرام، کامیاب پاکستان، نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی،ہیلتھ کارڈ، اپنا گھر سکیم سمیت بے شمار پروگرام شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ22کروڑسے زائد لوگوں کا ملک ہے جس کیلئے بے پناہ وسائل کی ضرورت ہے مگرپھر بھی حکومت اپنے محدوددستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے۔