اتحاد، ایمان، نظم وضبط پر کاربند رہنے سے  زندگی کی کسی موڑ پر نا کامی نہیں ہو سکتی؛ عبدالمنان چوہدری   

7

مظفرگڑھ،22 مارچ (اے پی پی ): مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب عبدالمنان چوہدری   نے یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان بیت المال کے سکولوں ایس آرسی ایل او اور دارالاحساس میں  منعقدہ تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے بچوں کو اس نظریے پر کاربند رہنے کی تلقین کی کہ جس نظریے پر پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور اتحاد، ایمان، نظم وضبط پر کاربند رہنے سے وہ زندگی کی کسی موڑ پر نا کام نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جس گرم جوشی سے پاکستان بیت المال کے اداروں میں یوم پاکستان اور کلچرل ڈے کے حوالے سے   تقریبات منائی جا رہی ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ادروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے اور ان اداروں میں جہاں پر زیادہ تر یتیم، غریب اور مزدور کلاس کے بچے پڑھتے ہیں بغیر کسی احساس محرومی کے وہ سب کے ساتھ پڑھ رہے ہیں۔

عبدالمنان چوہدری   نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم کی کاوشوں کو بھی سراہا کہ انکی کاوشوں کی وجہ سے مظفرگڑھ میں پاکستان بیت المال کے تحت چلنے والے پراجیکٹس بہترین رزلٹ دے رہے ہیں۔

 تقریب کی مہمان خصوصی ڈی او لٹریسی میڈم طاہرہ رفیق سیال  نے بھی بچوں کو تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا اور بہترین پرفارمینس پیش کرنے والے بچوں کو تحائف بھی دیے۔

 چیف ایگزیکٹیو سائیکوپ ام کثوم سیال نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ڈائریکٹر جنوبی پنجاب عبدالمنان چوہدری نے انچارجز زاہدہ حمید ارم اعظم اور سعیدہ اشفاق کو خراج تحسین پیش کیا جن کی وجہ سے بچوں نے بہترین کارکردگی  پیش کی۔

سورس:وی  این ایس،  مظفر گڑھ