اٹک،27 مارچ (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا ہے کہ امر بالمعروف جلسہ عوام کی طاقت سے سیاست کا رخ موڑ دے گا ، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر لوٹ مار ، ضمیر فروشی اور لوٹا ازم کی سیاست کو بہا کر لے جائے گا، آج پریڈ گرائونڈ میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی ۔
وہ ضلع اٹک سے اسلام آباد پریڈ گرائونڈ کیلئے روانہ ہونے والے ہزاروں افراد کے جلوس کی قیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پورا اٹک ایک ہو کر وزیر اعظم عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے اور اعتماد کرتےہوئے اسلام آباد جا رہا ہے ۔
ایک سوال پر معاون خصوصی نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، سڑکوں پر نکلی عوام آج بتا دینگے کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ عمران خان سرخرو ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام لوٹ مار ، ضمیر فروشی اور لوٹا ازم کی سیاست کو ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے پوری حکومت کو ختم کرنا سیاست نہیں عوام کا اعتماد حاصل کرکے حکومت کرنا اصل سیاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جو دنیا کی طاقت بنے گا اس لئے یہ چوروں ڈاکوؤں کی سیاست عوام نہیں ہونے دینگے ، وزیر اعظم عمران خان نے حق سچ اور نئے عظیم پاکستان کا سٹینڈ لیا ہے۔
سورس : وی این ایس ، اٹک