اسلام آباد،27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہواہے اور عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد چھاجائیں گے۔ عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے جبکہ مخالفین تھک کر ہار جائینگے، اندر کی خبر رکھتا ہوں اپوزیشن کو کچھ نہیں ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک دشمن اوآئی سی کانفرنس کو ناکام بنانا چاہتے تھے مگر پاک فوج اور اداروں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو صرف جلسوں کی اجازت دی ہے،دھرنے دینے یا تصادم کرنے والوں کےخلاف عدالتی حکم پر انتظامیہ ایکشن لے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کواسلام آباد ایچ نائن میں صرف جلسہ کی اجازت دی ہے اور کل اسی مقام پر مسلم لیگ ن جلسہ کرے گی، کسی بھی بھی سیاسی جماعت کو دھرنے کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی سرینگر ہائی وے بند کرنے کی اجازت دی جائے گی اگر کسی نے شاہراہ کو بند کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس ایکشن لے گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول 24گھنٹے کھلا ہے اور خود اس کی مانیٹرنگ کررہا ہوں جبکہ تمام فورسز شہریوں کی امن وامان کے لیے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سلامتی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے رینجرز، ایف سی اور پولیس تعینات ہے اور سیاسی جماعتوں نےبروقت جلسہ ختم کرکےجگہ خالی نہ کی تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں گینگ آف تھری نے عوام کے پیسوں سے لوگوں کے ضمیر خریدے اور وقت آنے پر بھاگ جاتے ہیں مگر وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلنے والا کھلاڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں مہنگائی اس لیے ہوگئی کہ لٹیروں نے سب کچھ لوٹ لیا تھا اور حالات مشکل ہوئے۔
سورس : وی این ایس ، اسلام آباد