اوورسیز پاکستانیوں نے ملک سے موروثی سیاست کے خاتمے کے لئے عمران خان کا ساتھ دیا؛ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری

10

اسلام آباد،13مارچ  (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے اصل ہیرو اور ملک کے سفیر ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے، آنے والے انتخابات میں تارکین وطن پاکستانیوں کا ووٹ پاکستان کی تاریخ بدلے گا، اوورسیز پاکستانیوں نے ملک سے موروثی سیاست کے خاتمے کے لئے عمران خان کا ساتھ دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پارلیمنٹ ہائوس میں اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ خوبصورت تقریب کے انعقاد پر وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی ایوب آفریدی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، آج ہمارے لئے تاریخ ساز موقع ہے اور پوری دنیا سے آئے ہوئے پاکستانیوں کو دیکھ کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں، انہوں نے ہر پلیٹ فارم پر آپ کے حق میں آواز اٹھائی، آپ جو درد ملک کیلئے رکھتے ہیں وزیراعظم عمران خان کو اس کا پوری طرح سے احساس ہے، وزیراعظم عمران خان نے منشور کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ پورا کر دیا ہے جس سے اب 90 لاکھ کے قریب اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے انتخابات میں اوورسیزپاکستانیوں کا بڑا کردار ہو گا اور آپ کا ووٹ پاکستان کی تاریخ بدلے گا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے چاہے شوکت خانم ہسپتال ہو یا نمل یونیورسٹی ہر مشکل وقت میں وزیراعظم کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور ہمیشہ ان کی اپیل پر لبیک کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی سیاست میں تحریک انصاف کو مضبوط کرنے میں بھی کلیدی کردار ہے، آپ کی سپورٹ کی بدولت ہی وزیراعظم عمران خان نے موروثی، خاندانی اور وڈیرہ شاہی سیاست کا خاتمہکیا۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کرکٹ میدانوں میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا اور اب وہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالوں میں ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں جو گزشتہ ستر سال میں نہیں ہوئے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس کلیکشن کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ہیلتھ انشورنس کی سہولت نہیں ہے لیکن وزیراعظم عمران خان نے محدود وسائل کے باوجود صحت کے شعبے میں عوام کو صحت کارڈ فراہم کر کے انقلابی قدم اتھایا ہے، آج خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بھی ہر گھرانے کو سالانہ دس لاکھ روپے تک مہیا کئے جا رہے ہیں، صحت کارڈ کے ذریعے تمام پاکستانی مہنگے ہسپتالوں میں اپنے پیاروں کا علاج کرا سکیں گے۔

 قاسم خان سوری نے کہا کہ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں یکستان نصاب تعلیم متعارف کروانے کا وعدہ بھی پورا کر دیا ہے اور اب پورے ملک میں بچے ایک جیسا نصاب پڑھیں گے، اب سکولوں میں بچوں کو قرآن کی تعلیم دی جائے گی جبکہ آٹھویں سے دسویں جماعت تک سیرت النبی پڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم کرکٹ کے میدان میں نیوٹرل ایمپائر لائے تھے، سیاست کے اندر دھاندلی کے الزامات لگتے تھے، انتخابات میں دھاندلی اور ٹھپے کے نظام کو ختم کرنے کیلئے وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) قانون پاس کروا دیا ہے جس سے دھاندلی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے آزاد خارجہ پالیسی متعارف کروائی، سابق حکمران بڑی قوتوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیا کرتے تھے، ان کے ہاتھ کانپتے تھے اور وہ اپنا مقدمہ نہیں لڑ سکتے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں، عمران خان اس پاکستان کی بات کرتے ہیں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ مذہبی، شخصی، سیاسی، اقتصادی اور آزاد خارجہ پالیسی کے ساتھ اپنے ملک کو آگے لیکر چلیں، وہ دوستی کی بات کرتے ہیں، آقا اور غلامی کے رشتے کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان ملکی مفاد میں ہمسایہ ممالک، امریکہ، چین اور روس سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

 قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو اوپر اٹھانے کیلئے متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں، احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو سستا راشن، کاروبار شروع کرنے اور گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرپٹ نہیں ہیں، ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں، مجھے فخر ہے کہ میں ان کے ساتھ ہوں، کتنے شرم کی بات ہے کہ تین، تین دفعہ وزیراعظم رہنے والوں کو سپریم کورٹ نے چور قرار دیا ہے اور وہ سزا یافتہ مجرم ہیں۔

 قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کے بچوں کی کانپیں ٹانگتی ہیں، حکومت ڈٹ کر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرے گی، انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان اس میں سرخرو ہوں گے اور وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

سورس:وی  این ایس، اسلام آباد