او آئی سی کا اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ؛   حسان خاور

17

لاہور ، مارچ 21(اے پی پی): ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پنجاب ٹورازم فار اکنامک گروتھ پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سے تاریخی مقامات کی بحالی اور مرمت کی جائیگی،او آئی سی کا اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

 پیر کو  یہاں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں آج مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس سے پنجاب کے تاریخی مقامات کی بحالی کی جائے گی جس میں ٹیکسلا میوزیم اور روہتاس کا قلعہ بھی شامل ہیں جوکہ ورلڈ ہیریٹیج کا بھی حصہ ہیں اور اس کے علاوہ ہرن مینار کی بھی بحالی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سیاحت اور اور ہیریٹیج پر بہت کام کیا ہے،اس مفاہمتی یادداشت سے ہمیں ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوجائے گی۔ اب یہ کام باقاعدہ طور پر شروع ہو سکے گا اور ہم عالمی بینک کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس کام میں ہماری مدد کی۔

ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو سیاحت کا حب بنائیں گے مگر کرونا کی وجہ سے یہ کام نہ ہو سکا اب اس پہ کام شروع ہو چکا ہے،پنجاب میں بھی اب ٹورزم کے حوالے سے بہت زیادہ کام ہو رہا ہے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سیاحت کے بجٹ 73 کروڑ سے بڑھا کر دو ارب پر لے گئے ہیں،پنجاب میں مختلف قسم کی ٹورزم کو متعارف کروایا جارہا ہے جس میں زپ لائنگ ،جنگل اور لیک سائیٹ کیمپنگ پر کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ویژن ہے کہ ہماری تمام سیاحت کی جگہوں کو نجی سرمایہ کاری کے ذریعے چلایا جائے۔ جس کے تحت ہم ابھی تک 22 کے قریب مقامات کو آؤٹ سورس کر چکے ہیں اور چھ سے سات کو بھی جلد کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ ایریگیشن، محکمہ جنگلات اور محکمہ اوقاف کے ساتھ ملکر سیاحت کے لیے نئے مقامات تلاش کر رہے ہیں جن کو محکمہ سیاحت چلائے گا۔

حسان خاور نے کہا کہ وزیر اعظم کا کا وژن ہے کہ ہم نہ صرف سیاحت بلکہ پورے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو متعارف کروائیں اس حوالے سے ماضی کی غلطیوں کا بھی صحرا وزیراعظم عمران خان کو لگا ہے۔ جیسا کہ ریکوڈک کے حوالے سے ہمیں 11 ارب ڈالر کا جرمانہ ہوا تھا جو کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم نے انتھک کاوشوں کے ساتھ ساتھ ختم کروایا کیا اور اس کے علاوہ وہ آئی پی پیز کے معاہدوں میں ہونے والی غلطیوں کو بھی درست کیا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مستقبل کا تو کام کر ہی رہی ہے مگر ساتھ ساتھ ماضی کی غلطیوں کا بھی صفایا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں او آئی سی کے تمام وفود کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں میں امید کرتا ہوں ہو کہ او آئی سی کا یہ اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے میل ثابت ہوگا۔

سورس؛ وی این ایس، لاہور