اٹک، 06 مارچ ( اے پی پی ):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماسید ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنا زور وزیر اعظم عمران خان کو دبانے اور تحریک عدم اعتماد میں صرف کرے گی، وہ اتنا ہی ابھر کر سامنے آئیں گے، اپوزیشن خود کو مزید کمزور اور پی ٹی آئی حکومت کو مضبوط کررہی ہے ، پہلی بار اپوزیشن رہنما ملک میں کنٹینرز ، گاڑیوں اور افرادی قوت پر خرچ کررہے ہیں جس پر ان کے مشکور ہیں، سانحہ پشاور ملک کوکمزور کرنے کیلئے ان ممالک کی کارستانی ہے جو وزیر اعظم عمران خان سے اپنے لئے مفادات حاصل کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ وزیر اعظم کو صرف پاکستان اور پاکستان قوم کا مفاد عزیز ہے۔
وہ اتوار کو مراقبہ ہال اٹک میں اپنے قریبی ساتھی معروف کنٹریکٹر محمد طفیل مغل کے بھتیجوں اسد اعجاز اور فیضان اعجاز کی دعوت ولیمہ کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ سید زلفی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ناصرف اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال کیلئے بھی اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد خود اپوزیشن کیلئے عوامی بد اعتمادی کی تحریک ثابت ہوئی ہے ، اپوزیشن اب واپسی کا باعزت راستہ چاہتی ہے لیکن ہم چاہتے ہےہیں کہ ساری جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو ں اور اپنا شوق پورا کرکے ناکامی و نامرادی کی صورت میں واپسی کا راستہ لیں ۔
زلفی بخاری نے کہا کہ یہ اپوزیشن کی تحریک سے حکومت کے ساتھ ساتھ محنت کش ، مزدوری کرنے والے طبقے کو فائدہ ہوگا ، کنٹینرز اور گاڑیوں کو کرائے پر حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ساتھ لوگوں کو بھی کرائے پر حاصل کیا جا رہا ہے جس پر ہم اپوزیشن رہنمائوں کے مشکور ہیں کہ وہ پہلی بار پیسہ اپنے ملک میں خرچ کررہے ہیں۔
سورس:وی این ایس، اٹک