لاہور ،05 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن پہلے بھی کئی مرتبہ حکومت جانے کی پیش گوئیوں میں ناکام ہوئی ہے، آر یا پار والے جگہ جگہ خوار ہوتے نظر آرہے ہیں ،اپوزیشن احتساب کے خوف سے اکٹھی ہوئی ہے، اپوزیشن کی اصل جنگ پاپڑ والے، فالودہ والے، مقصود چپڑاسی اور مسرور انور کو بچانے کیلئے ہو رہی ہے۔
ہفتہ کو یہاں ڈیجیٹل میڈیا کے چیلنجز کے عنوان سے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ یہ عمران خان کیخلاف اکٹھے ہیں، ساری زندگی اکٹھے نہیں ہوئے، یہ آپس میں ایک دوسرے کو کرپٹ کہتے رہے اور آج ساتھ بیٹھے ہیں، بلاول کا لانگ مارچ ساہیوال پہنچ کر شارٹ مارچ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو چاہیے کہ مینار پاکستان میں جلسہ کریں، پاپڑ اور فالودے والے کو بچانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے پاس ثبوت موجود ہیں، ڈیلی میل نے تمام ثبوت وہاں لگا دیئے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ پورا ٹبر چور ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے بعد پرنٹ میڈیا کی اپنی اہمیت ہے، سال دو ہزار کے بعد پرائیویٹ میڈیا میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اب ڈیجیٹل میڈیا معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، ڈیجیٹل میڈیا پر پوری دنیا میں اربوں روپے کے اشتہارات چل رہے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پہلے جو اشتہارات اخبار پر چھپتا تھا وہی ویب سائٹ پر چلتا تھا، لیکن اب اگر ڈیجیٹل کے لیے اشتہارات کے پیسے نہیں دئیے تو وہ ویب سائٹ پر نہیں چلتا۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سے ہماری قومی سلامتی متاثر ہوتی ہے، غیر ذمے دارانہ بیانات کو ہمارے دشمن ممالک استعمال کرتے ہیں اور نقصان پہنچاتے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مخالف باہر سے ٹرینڈ چلائے جاتے ہیں لیکن کچھ کم عقل لوگ یہاں بیٹھ کر اس کا حصہ بن جاتے ہیں، پاکستان کا ہر شہری محب وطن شہری ہے لیکن بعض اوقات ہم غیر علمی میں یہ کام کر جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے قانون کو مظبوط کرنا ہے، تاکہ ذمے داروں کو سزائیں مل سکیں ، قانون کا مقصد پکڑ دھکڑ یا سزائیں دینا نہیں ہے، قانون کو دیکھ کر لوگوں میں خوف پیدا کرنا اصل مقصد ہے۔
سورس:وی این ایس، لاہور











