ایبٹ آباد، 23 مارچ (اے پی پی ): یوم پاکستان کے حوالے سے ضلع ایبٹ آباد میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر طارق سلام مروت نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا، سکولز کے طلبہ و طالبات نے پروگرام میں ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو پیش کیے۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے 23 مارچ کی اہمیت اور ملک کی سالمیت کے حوالے سے تاریخی پس منظر دور حاضر کی چیلنجز کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کو نظریہ پاکستان اورملک و قوم کی ترقی کے لیے کام کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے قائد کے فرمان کے مطابق ملک کی ترقی کے لیے کام اور صرف کام پر سیر حاصل بحث کی اور اس بات پر زور دیا کہ عالم اقوام میں ترقی اور ملک و قوم کا سر اونچا رکھنے کے لیے جہد مسلسل کی اشد ضرورت ہے۔
پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہا ب محمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد عابد، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن،، ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر محمد طلال، ایمرجنسی آفیسر عمران خان اورکزئی اور دیگر محکمہ جات کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔
سورس : وی این ایس، ایبٹ آباد