راولپنڈی،19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ تین تین بار اقتدار میں لوٹ مار کرنے والوں کے پاس عمران خان کیلئے چارج شیٹ نہیں ، گزشتہ حکومتوں کی ایماء پر ڈرون حملے ہوئے اور پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب سے اسمبلی میں گئے تب سے اپوزیشن جماعتوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کیں اور ہلڑبازی کر تی رہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سازشوں کے آلہ کار تین لوگ میاں نواز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن ہیں،مگرہم تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور عوام کے لیے ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایسے تمام افراد کے خلاف ایکشن لیں گے جنہوں نے اپنا ضمیر فروخت کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اڈے دینے اور ڈرون حملے کرنے سے صاف انکار کیا مگر خطے میں امن کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے واحد مسلم حکمران ہیں جس نے امریکہ اور یورپین یونین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں حلقہ 59میں 05ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعلیم، صحت اورسڑکوں کے منصوبوں سمیت عوام کی سہولیات کے لیے فلاحی پروجیکٹ شروع ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بھر کی طرح راولپنڈی کی عوام کو ان کی دہلیز پر تمام سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ میں تعمیراتی کاموں کے ساتھ فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں دیہی مراکز، صحت انصاف کارڈ،اراضی سنٹرز تمام یونین کونسل میں قائم کئے جارہے ہیں جبکہ اس سے قبل راولپنڈی تحصیل میں صرف ایک اراضی سنٹر تھا جس وجہ سے لوگوں کو مسائل کاسامنا رہتا تھا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ ہمارے حلقہ میں35سالہ سیاسی تاریخ میں کوئی ایک کالج نہیں بنایا گیاتھا اورہماری حکومت نے 7ڈگری کالج بنائے، ہسپتال کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جدید ہسپتال کڈنی وٹراما سنٹر چکری کے مقام پر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 24دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کاکام جاری ہے اور اپنے حلقہ میں 100فیصد بجلی فراہم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ 59کے تمام مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت کو ساڑھے تین سال ہوچکے ہیں اور جتنے کام اس دور حکومت میں ہوئے وہ پہلے کبھی نہیں ہوئے۔