جنوبی پنجاب کا ملازمتوں میں الگ کوٹہ مختص کیا جائیگا ؛وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

25

ٹنڈوجام ،5مارچ  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول نے عمران خان کے منشور کی تائید کی ہے، جنوبی پنجاب کا ملازمتوں میں الگ کوٹہ مختص کیا جائیگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ  کو  یہاں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ   کراچی محرومیوں کا شکار ہے تو زرداری راج اسکا ذمہ دار ہے، کیا کراچی کے حالات تین سال میں ایسے ہو ئے ہیں کیا نالے صاف کرانا ، کچرا اٹھانا وفاق کی ذمہ داری ہے یا سندھ حکومت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تو سندھ کے جزا ئر کو ترقی دیکر غیر ملکی سرمایہ کاری یہاں لانا چاہتے تھے جس کا فائدہ سندھ کے عوام کو ہوتا لیکن نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے کی مصداق وہ ہمیں ترقیاتی کام نہیں کرنے دینا چاہتے ،سمندر  ی جزائر کی پہلے اجازت دی اس کے بعد منسوخ کردی جب کہ ہماری حکومت لکھ کر دے سکتی ہے کہ سندھ کے سمندری جزائر پر وفاق کا نہیں سندھ کا ملکیتی حق ہوگا۔

  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں بلاول زرداری کو عوام نے مسترد کردیا ہے ملتا ن کا جلسہ سب نے دیکھ لیا ہے کہاں اس شہر سے کبھی ذوالفقار علی بھٹو جیتے تھے آج وہاں پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی چلنے کو تیار نہیں ہے۔  انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کو اپنے منشور میں شامل کیا ہے لیکن ہمیں دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہے کہ قومی اسمبلی سے قانون پاس کراسکیں اگر بلاول زرداری کی جماعت بھی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا چاہتی ہے تو اسمبلی میں ہمارا ساتھ دے ہم تنہا کریڈٹ بھی نہیں لینا چاہتے ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے جنوبی پنجاب کی عوام کو سہولیات د ینے کے لیےعملی اقدامات کئے ہیں ۔انتظامی سہولیات کے لیے ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ قائم کیے ہیں ۔ایڈ یشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کو وہاں تعینات کیا ہے اب جنوبی پنجاب کے عوام کو طویل سفر کرکے لاہور نہیں جانا پڑتا ۔ تعلیم وصحت کی سہولیات دی  ہیں۔ وہاں کے طلبہ و طالبات کوقابلیت کی بنیاد پر 32فیصد کوٹہ دیکر انہیں ترقی کے میدان میں آگے لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ بھر کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے ، سندھ حقوق مارچ ، کو جو پذیرائی دی ہے وہ تاریخی ہے عوام کی بڑی تعداد نے ہمیں سنا اور سن رہے ہیں ۔

سورس:وی این ایس،  اسلام آباد