حکومتی پالیسیوں کی بدولت رواں برس ریکارڈ ترسیلات زر متوقع ہیں؛وزیر مملکت فرخ حبیب   

14

اسلام آباد،11مارچ  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت رواں برس ریکارڈ ترسیلات زر متوقع ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 30 ارب ڈالر ترسیلات زر بھجواتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اوورسیز پاکستانیز انٹرنیشنل کنونشن سے صدر مملکت اور وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف انٹرنیشنل چیپٹر کے سیکریٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑکے ہمراہ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ اوورسیزپاکستانیوں نے عمران خان کو وزیراعظم بنوانے میں اہم کردار ادا کیا، رواں برس ریکارڈ ترسیلات زر ہوں گی،اوورسیز پاکستانیوں کو کوئی بااختیار بنانے کے لئے تیار نہیں تھا، اوورسیز کا سب سے بڑا مطالبہ ووٹ کا اختیار تھا، ہماری حکومت نے اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا،پاورآف اٹارنی کا حصو ل آن لائن کر دیا گیا۔

فرخ حبیب نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس میں ساڑھے3 ارب ڈالر جمع ہو چکے ہیں،روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کی بدولت اوورسیزگھر کے لئے بینک سے قرض لے سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی وزیراعظم سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں،اسلام آباد میں 15،14،13مارچ کواوورسیز کا  تاریخی کنونشن ہوگا، وزیراعظم عمران خان  کنونشن سے خطاب کریں گے،بیرون ملک پاکستانیوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے   کہاکہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،پارلیمنٹ معاملے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ پارلیمنٹ والے معاملے کو دیکھ رہے ہیں،اپوزیشن شکست خوردہ ،ان کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران لاٹھی چارج، دہشت گردی کے پرچے ہوئے،اپوزیشن حیلے بہانوں سے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے، سیاسی جماعتیں آزاد ہیں اور کسی سے بھی ملاقاتیں کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد