اٹک،11 مارچ (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عوام اپنے مسائل کے حل کیلئےبراہ راست درخواست دے سکتے ہیں جنہیں ضلع رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل کے فورم میں زیر بحث لایا جائیگا، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں عوامی مسائل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکیا۔ رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اس فورم کے ذریعے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی اٹک و ٹکٹ ہولڈر قاضی احمد اکبر خان، وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نمائندے ملک اعجاز ، ملک احمد نواز کوارڈینیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب شکایات سیل ضلع اٹک، ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو،ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک ڈاکٹر وقار علی خان اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم ،انفراسٹچر کی بحالی اور مرمت سمیت دیگر مسائل زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں تجاوزات و صفائی کے مسائل،ٹریفک کے مسائل، کھاد کی فراہمی کے مسائل، حسن ابدال میں ریڑھیوں کو جگہ کی فراہمی کے مسائل، شجرکاری مہم، بوائز کالج حسن ابدال میں بجلی کی تنصیب کے لیے فنڈز کی فراہمی، نیو ہٹیاں روڈ پر انٹری گیٹ ،سپورٹس سٹیڈ یم حسن ابدال کے مسائل، مراکز صحت کے مسائل اور دیگر کئی عوامی مسائل زیر بحث لائے گئے ۔ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے شرکاء کو ضلع امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی ۔
سورس:وی این ایس، اٹک