حکومت کسانوں سے 2200 روپے فی من گندم خریدے گی،رواں برس 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف رکھا ہے ؛معاون خصوصی  حسان خاور

9

لاہور،22مارچ  (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے 8 ارب روپے کا رمضان پیکج منظور کیا ہے، صوبہ بھر میں 317 رمضان بازار قائم کئے جائینگے۔حکومت کسانوں سے 2200 روپے فی من گندم خریدے گی،رواں برس 35 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف رکھا ہے۔ پنجاب میں 10نئی یونیورسٹیاں قائم کی جائینگی۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا میں وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا مقابلہ تحریک عدم اعتماد سے ہے۔ اس پر ووٹنگ ہوگی تو نتیجہ عمران خان کے حق میں ہی نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی لہر صرف پاکستان میں نہیں، پوری دنیا میں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان احساس راشن پروگرام اور صحت کارڈ جیسے پروگراموں کے ذریعے مہنگائی کے اثرات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں 8 ارب روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ جس کے تحت صوبے بھر میں 317 رمضان بازار اور فئیر پرائس شاپس لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان رمضان بازاروں میں آٹے پر 4 ارب کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ چینی مارکیٹ سے 10 روپے کم کے ساتھ ساتھ دیگر 13 اشیائے خوردونوش 2021 کے نرخوں پر ملیں گی جس سے لوگوں کو مالی طور پر سہولت حاصل ہو گی۔

 حسان خاور نے کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی گندم خریداری پالیسی کے تحت کسانوں سے 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی اور گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے بھی موثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں 1973 میں قومیائے گئے مشنری سکولوں میں سے 4 سکولز کا انتظام واپس انتظامیہ حوالے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے دور دراز علاقوں میں 10 یونیورسٹیاں بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

 حسان خاور نے کہا کہ پٹرول اور بجلی کے نرخ کم کرنے کا فرق مہنگائی پر بھی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں شائستہ الفاظ کا استعمال یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ چوہدری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل میں بھی تحریک انصاف کا ہی ساتھ دیں گے۔

سورس:وی  این ایس، لاہور