رینالہ خورد،2مارچ(اےپی پی): ڈی پی او فیصل گلزار کی زیر نگرانی 10 ڈکیت گینگ کے 32 گرفتار کارندوں سے برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کرنے کیلئے ڈی پی او آفس میں پروقار حوالگی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے پولیس افسران، انجمن تاجران، وکلاء اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس حوالے سے ڈی پی او فیصل گلزار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سال نو کے آغاز میں ہی پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 خطرناک ڈکیت گینگ کو سرغنہ سمیت 32 ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس نے ان ملزمان سے 62 مقدمات کو ٹریس کیا جن میں ڈکیتی راہزنی اندھے قتل نقب زنی جیسی سنگین نوعیت کے مقدمات شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے مال مویشی موٹر سائیکل پیٹرانجن برآمد کیا گیا اور یہ برآمد شدہ مال کی مالیت ایک کروڑ 33 لاکھ روپے ہے، ان ملزمان نے دوران تفتیش کئی سنگین نوعیت کی وارداتوں کا اعتراف کیا جن میں پانچ اندھے قتل شامل ہیں۔
ڈی پی او فیصل گلزار نے برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کیا جس پر پولیس کی اس کاوش پر متاثرین کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے پولیس کو شاباش دی گئی۔











