اسلام آباد،25مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہدایت کی ہے کہ سیاستی جماعتوں کے جلسوں سے دارالحکومت کے شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہئے، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے جلسے مختص کردہ مقامات پر ہی کریں۔
جمعہ کو وزارت داخلہ میں امن و امان اور اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان ، سیکرٹری داخلہ سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ اور اعلی پولیس حکام نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہدایت کی کہ سیاستی جماعتوں کے جلسوں سے دارالحکومت کے شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے جلسے مختص کردہ مقامات پر ہی کریں ۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کیلئے پنجاب اور کے پی سے اضافی نفری لانے جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے رینجرز اور ایف سی کی اضافی نفری بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی جلسوں کی سیکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر آئینی راستہ اختیار کرے گی ۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











