راولپنڈی ، 05 مارچ(اے پی پی ):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے کہ شین وارن دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی تھے، شین گراوٴنڈ اور گراوٴنڈ سے باہر بہترین انسان تھے، یاسر شاہ کو مشکل کا سامنا جب ہوا تو شین وارن نے ان کی مدد کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کی یاد میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر آسٹر یلیا کے صحافی جیف لیمن ، ملینڈا فریل و اسلام آباد اور راولپنڈی کے سینئر صحافی موجود تھے۔ تقریب میں کھیلوں سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی صحافیوں نے شین وارن کو خراج تحسین پیش کیااور میڈیا باکس میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس میں شین وارن کی تصویر بھی آویزاں کی گئی ۔
وقار یونس نے کہاکہ کھلاڑیوں کی ہمیشہ مدد کرنے کے لیے شین وارن پیش پیش ہوتے تھے۔ سینئر سپورٹس جرنلسٹ عبد المحی شاہ نے کہاکہ شین وران جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ان کی کرکٹ کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وہ ایک عظیم انسان بھی تھے۔
سورس؛وی این ایس، اسلام آباد











