عمران خان اسلاموفوبیا کے خلاف مسلم اُمہ کے ترجمان بنے، اقوام متحدہ میں قرار داد کی منظوری عمران خان کی کاوشوں کا نتیجہ؛وفاقی وزیر مراد سعید

35

اسلام آباد،18مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عمران خان اسلاموفوبیا کے خلاف مسلم اُمہ کے ترجمان بنے، اقوام متحدہ میں قرار داد کی منظوری عمران خان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، زرداری دور میں ملک کا سودا ہوا، 400 ڈرون حملے ہوئے اور دہشت گردی میں اضافہ ہوا، وزیراعظم نے امریکہ کو اڈے دینے سے  انکار کیا، واضع انکار پر شہباز شریف اور فضل الرحمن کو اعتراض   ہے ۔

 جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد منظور کی جو او آئی سی نے پیش کی اور پاکستان نے متعارف کرائی، اقوام متحدہ کی طرف سے اسلامو فوبیا کے خلاف 15 مارچ کوعالمی دن قرار دینا ایک وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی تاریخی کامیابی ہے جس پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امت مسلمہ بھی وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کر رہی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسلامو فوبیا کے خلاف امت مسلمہ کے ترجمانی کی اور آزادی اظہار کی آڑ میں اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کے خلاف ایک مضبوط آواز بنے، اسلامو فوبیا کے خلاف مقدمہ صرف وزیراعظم عمران خان نے لڑا۔ انہوں  نے کہا کہ ماصی میں جب ڈرون حملوں میں معصوم بچے شہید ہو رہے تھے اس وقت آصف علی زرداری امریکا  میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر سے ملاقات کر رہا تھا اور یہ خود کو لبرل اور عمران خان کو مذہبی رہنما کے طور پر پیش کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی عمران خان ہی تھا جس نے ڈرون حملوں کے خلاف مارچ کیا،آصف زرداری تو امریکا  سے کہہ رہے تھے کہ ہمیں ڈرون حملوں سے کوئی مسئلہ نہیں ہے جبکہ عمران خان یہ مقدمہ پوری دنیا کے سامنے لے کر گئے اور دنیا کو بتایا کہ ڈرون حملوں سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔

 وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید   نے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے امریکا  کو اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا، اس وقت بھی اپوزیشن کہتی ہے وزیراعظم کو واضح انکار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں  نے کہا کہ جب وزیر اعظم نے یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر میں مودی کے مظالم پر سوال پوچھا تو اس سے بھی اپوزیشن کو تکلیف ہوتی ہے اور اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر وزیراعظم کے یورپی یونین سے سوال کے خلاف قرارداد کے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لئے پروپیگنڈا کیا گیا یہ اس وقت بھی خاموش تھے، اور عمران خان کے سچ بولنے سےپروپیگنڈا دم توڑ گیا اور اب وزیراعظم عمران خان عالم اسلام کو متحد کرکے اسلام آباد لا رہے ہیں اور او آئی سی کا اہم اجلاس ہونے جا رہا ہے تو فضل الرحمان نے 23 مارچ کو اسلام آباد آنے کا اعلان کر دیتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ سندھ ہاؤس ضمیر فروشی کا مرکز بنا ہوا ہے میں پوچھتا ہوں کہ سندھ کے عوام کو پینے کے لئے پانی نہیں مل رہا تو وفا داریاں تبدیل کرانے کے لئےیہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے؟مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پر مسلط ان سیاسی خاندانوں نے پاکستانی عوام کا خون چوس کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں آج جب ان سے حساب مانگا جاتا ہے تو سارے چور اکٹھے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے ایم این اے کی ضمیر فروشی پر اس کے حلقہ کے عوام سراپا احتجاج ہیں ۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو ایک سوچ دی ہے اقتدار ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہے،سیاسی سرکس لگانے والے کوئی معنی نہیں رکھتے۔انہوں  نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن مقرر ہونے پر قوم آج یوم تشکر منارہی ہے۔