قانون میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے؛ وفاقی وزیر فروغ نسیم

30

کراچی ،6مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قانون و انصاف سینیٹر بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ قانون میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ خود کو ٹھیک کرنے کا بہترین وقت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں فیڈرل سروس ٹربیونل (ایف ایس ٹی) کے چیئرمین قاضی خالد علی کی تصنیف کردہ ‘سلیکٹڈ ججمنٹس’ والیم I، II اور III اسلام آباد، لاہور اور کراچی بنچوں کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ دنیا نے شواہد کو الیکٹرانک طور پر ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار کو اپنالیاہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء نے قانون میں اصلاحات کی مزاحمت کی ہے ، بار ایسوسی ایشنز کو بعض قوانین میں ترامیم کے حوالے سے ان کی رائے لینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے انہیں استحصال قرار دے کر مسترد کر دیا۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانیوں کو کرنا ہے کہ وہ قوانین میں اصلاحات چاہتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں ججوں کی بیویوں اور بچوں کو طرز عمل (کنڈکٹ) اختیار کرنا پڑتا ہے لیکن پاکستان میں معاملہ مختلف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں غلط تاثر پر ججوں کو ہٹایا جاتاہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ ملک کو صحیح سمت میں کیسے لے جایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کو بااختیار بنانا ہے۔انہوں  نے ایف ایس ٹی کے چیئرمین قاضی خالد علی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

قبل ازیں انہیں کتاب کی رونمائی کی کاپی پیش کی گئی۔اس موقع پر سابق چیف جسٹس  (ر) انور ظہیر جمالی، ایف ایس ٹی کے چیئرمین قاضی خالد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

سورس:وی این ایس، کراچی