اسلام آباد،25مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی میں موجودہ ایوان کے ہنگو سے وفات پا جانے والے رکن خیال زمان اورکزئی کے لیے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کیئے جانے سے تحریک عدم اعتماد سمیت 15 نکاتی ایجنڈا روایت کے مطابق موخر کردیا گیا۔
قومی اسمبلی میں جمعہ کو وقفہ سوالات، 147 اراکین کے دستخطوں سے آرٹیکل 95 ون کے تحت وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کے لئے قرارداد پیش کرنے کی اجازت کی حامل تحریک کی منظوری، منظوری کے بعد ایوان میں یہ قرارداد پیش کرنا، کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ ”وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی پاکستان کے اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا انہیں عہدے پر برقرار نہیں رہنا چاہیے” ایجنڈے میں شامل تھا۔ اس کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ میں کونسلروں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس اور مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کرنا ایجنڈے میں شامل تھا تاہم یہ ایجنڈا پیر تک کے لئے موخر کردیا گیا۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











