مری، 21 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پرریسکیو 1122 مری نے انچارج ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی محمد حنیف کی زیر نگرانی شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ہے۔
اس موقع پر انچارج ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی محمد حنیف نے کہا کہ سر سبز و شاداب پاکستان ہی ملک و قوم کی ترقی کا ضامن ہے ، شجر کاری کی یہ مہم ریسکیو 1122 تحصیل مری کے زیر اہتمام مری کے تمام ریسکیو اسٹیشنز پر کی جائے گی۔
ایمرجنسی آفیسر نے ہدایات جاری کیں کہ مری کے تمام ریسکیو اسٹیشن پرکمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے ساتھ ملکر شجر کاری کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سبزے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہو گی۔ قرہ ارض میں حیاتیات نباتات انسانی و حیوانی حیات کو سنگین خطرات درپیش ہیں،قرہ ارض کی حفاظت و شجر کاری انسانی زندگی اور صحت کی حفاظت کی ضامن ہے۔
سترہ میل کے مقام پر ریسکیو 1122 اسٹیشن پر معززین علاقہ کے تعاون سے شجر کاری مہم کے دوران 210 پھلدار درخت لگائے گئے۔
اس موقع پر کنٹرول روم انچارج انجینئر ذیشان حفیظ اور ادارہ علوم اسلامیہ کے مہتمم اعلیٰ مولانا حاجی عبداللہ صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کے اسٹیشن انچارج شاکر سلیم اور ریسکیور کو ماحول دوست اقدامات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
سورس:وی این ایس، مری