ملتان، 23 مارچ )اے پی پی ): نیشنل ہائی ویز موٹر وے پولیس سیکٹر 1، M-5 کی طرف سے 23 مارچ کے سلسلہ میں سیکٹر آفس میں پرچم کشائی کی گئی، آفیسران میں تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا اور شیرشاہ ٹال پلازہ پر روڈ سیفٹی سٹال بھی لگایا گیا، جس میں سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا محمد اسماعیل ہمراہ ڈی ایس پی لائن ہیڈ کوارٹر چوہدری مسرور علی،ڈی ایس پی بیٹ 23 رائے ظہیر احمد، سٹاف آفیسر انسپکٹر اصغر شاھد ، ریڈر ٹو ایس پی انتظار مہدی اور دیگر آفیسران و ملازمان نے شرکت کی اور مل کر روڈ یوزرز میں معلوماتی پمفلٹ اور گفٹ ہیمپرز تقسیم کیے۔
اس موقع پر سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ آئی جی نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس انعام غنی کے ویژن کے مطابق ڈی آئی جی فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں آج سیکٹر میں تمام ٹال پلازہ جات پر 23 مارچ کے سلسلے میں اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔
سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا اسماعیل سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ اور آج کے دن ہم تمام موٹر وے پولیس کے افسران اس بات کا عہد کر رہے ہیں کے اس وطن عزیزکی سر بلندی کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے ۔انہوں نے قرارداد پاکستان کے دن کے موقع پر تمام مسافروں میں جھنڈے پمفلٹ اور گفٹ بھی تقسیم کیے اور روڈ سیفٹی کے لحاظ سے بریفنگ دی کہ روڈ سیفٹی کے اصولوں کو بھی مد نظر رکھیں ۔
سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ خاص طور پر ہماری نوجوان نسل روڈ سیفٹی پر عمل نہیں کرتی جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں موٹر وے پولیس کا یہی مشن ہے کہ پاکستان کی شاہراؤں کو محفوظ سے محفوظ تر بنایا جائے اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا ہمارا تمام پاکستانیوں سے آج کے دن کے موقع پر یہی پیغام ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں اور ون ویلنگ سے اجتناب کریں تاکہ ہمارا ملک حادثات کی صورت میں ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات سے بچ سکے۔
سیکٹر آفس میں منعقدہ تقریری مقابلہ میں پوزیشن لینے والے آفیسران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئی۔
سورس:وی این ایس،ملتان