ملتان، 21 مارچ (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری مربہ جات اور اچار بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان کی زیرنگرانی ڈویژن بھر میں 9 اچار اینڈ مربہ یونٹس کی چیکنگ کی گئی ہے اور 300 کلو گلی سڑی گاجریں، 270 کلو فنگس زدہ اچار، 160 کلو پھپھوندی لگی سبزیاں تلف کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پھپھوندی لگے اچار کی موجودگی پر 3 اچار، مربہ یونٹس کو 40، 40 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے ہیں، فوڈ یونٹس کو علی والا نئی آبادی اور کریاں والا دربار عثمان ٹاؤن میں چیک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خانیوال میں گلی سڑی سبزیوں کے استعمال، فنگس لگے اچار کی موجودگی پر کبیروالا میں 2 فیکٹریوں کو 24 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے ہیں ، وہاڑی میں بھی مربہ جات کی تیاری میں گلے سڑے پھلوں، کھلے اجزاء کے استعمال پر مربہ جات یونٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے۔
رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ لودھراں میں بھاری مقدار میں فنگس لگی گاجریں استعمال کرنے پر دھنوٹ میں قائم اچار ینڈ مربہ فیکٹری کو 10 ہزار جرمانہ کردیا ہے ،پروڈکشن ایریا میں چھپکلیاں، فرش پر بدبودار پانی جمع ہونے، ورکرز کے میڈیکلز کی عدم موجودگی پر بھاری جرمانے کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خوراک کے نام پر زہر کھلانے والے معاشرے کےلیے ناسور ہیں۔
سورس:وی این ایس، ملتان