ملتان میں  جشن بہاراں کے رنگ سجنے کو تیار ، تقاریب کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا

17

ملتان، 12 مارچ (اے پی پی ): ملتان میں  جشن بہاراں کے رنگ سجنے کو تیار ہیں، ضلعی انتظامیہ نے رنگارنگ فیسٹول کیلئے کمر کس لی ہے ، قلعہ کہنہ سٹیڈیم پھولوں کی نمائش اور  مرکزی فیسٹول کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں  نے ضلعی حکام کے ہمراہ قلعہ کہنہ کا دورہ کیا ،انہیں  جشن بہاراں کے پروگرامز،سکیورٹی اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جشن بہاراں کی تین روزہ تقاریب کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا ، رنگا رنگ تقریبات،پھولوں کی نمائش اور میوزیکل پروگرام منعقد ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ  قلعہ کہنہ سٹیڈیم میں مشاعرہ،کلچرل شو،گھڑ ڈانس اور مختلف  پروگرام ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن بہاراں کے انتظامات کیلئے مختلف  کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں،بہار کے استقبال کیلئے شہر کو کلچرل رنگ میں سجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے میراتھن دوڑ،ثقافتی مقابلے اور سرگرمیاں ہونگی ۔انہوں نے کہا 2 اپریل کی شب گرینڈ میوزیکل نائٹ اور میلہ ہوگا اور   ملک کے معروف شعراء اور گلوکار جشن بہاراں میں شریک ہونگے۔

سورس:وی این ایس، ملتان