ملتان پبلک سکول کو جنوبی پنجاب کا منفرد ادارہ بنانے کیلئے وژن 2025 پر کام کا آغاز کر دیا گیا

40

ملتان، 19 مارچ(اے پی پی): ملتان پبلک سکول کو جنوبی پنجاب کا منفرد ادارہ بنانے کیلئے وژن 2025 پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ملتان ایجوکیشنل ٹرسٹ کا اجلاس ہوا۔ کمشنر نے اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے سخت مانیٹرنگ سسٹم لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکول کے معاملات میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کروں گا۔

 ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ملتان پبلک سکول کو نامور ادارہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ، ادارے کا معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، بورڈ کا بہترین کارکردگی پر تدریسی سٹاف کو ستائش اور مراعات دینے پر غور کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں ملتان پبلک سکول گرلز برانچ اور سکول کے رائیڈنگ کلب کی تزین و آرائش ،مرمت و کشادگی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی اور گرلز برانچ میں نیو بلاک کی تعمیر، بوائز برانچ میں ہاسٹل کی تعمیر کے معاملات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ و دیگر بجٹ معاملات پر بجٹ کمیٹی کے ریمارکس طلب کر لیے گئے ہیں ۔ اجلاس میں بوائز ہاسٹل کی اپ گریڈیشن، گرلز برانچ میں کالس رومز کی تعمیر پر غور کیا گیا ہے اورپرانے اساتذہ، نان ٹیچنگ سٹاف کو مستقل کرنے بارے بھی اجلاس میں فیصلے کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں، ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد موجود سمیت پرنسپل ملتان پبلک سکول عظمی خان، ممبران بورڈ آف گورنرز موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، ملتان