مولانا صاحب پارلیمنٹ لاجز میں غنڈہ گردی اور جتھہ بازی نہیں کر سکتے، کنول شوذب

17

اسلام آباد۔10مارچ  (اے پی پی): جمعرات کو پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی ،ترقی  و اصلاحات کنول شوذب، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری اور رکن قومی اسمبلی نورین فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا صاحب پارلیمنٹ لاجز میں غنڈہ گردی اور جتھہ بازی نہیں کر سکتے۔

پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ جس طرح پارلیمنٹ لاجز میں حملہ کیا گیا آئین پاکستان اس کی اجازت نہیں دیتا، اپوزیشن  کو اندازہ ہو گیا ہے کہ عدم اعتماد کی فلم ختم ہونے والی ہے تو انہوں نے بوکھلاہٹ میں یہ کارروائی شروع کر دی ہے۔

 پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شوذب نے کہا کہ انصار الاسلام کی ڈنڈا بردار فورس مولانا کی ایماء پر پارلیمنٹ لاجز میں موجود ہے، مولانا کو پارلیمنٹ ہائوس کی یاد ستا رہی ہے، وہ انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، وہ کس ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، کسی کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وہ ریاستی اداروں کو ہائی جیک نہیں کر سکتے، پارلیمنٹ میں رہنا پارلیمنٹیرین کا استحقاق ہے، مریم اورنگزیب کو اپنے قائدین کی کرپشن اور بدکلامی کا دفاع کرنا پڑتا ہے، اب تو زرداری اور مولانا کی ذمہ داری بھی وہ ادا کر رہی ہیں، وہ کیلبری کوئین مریم نواز کی بھی ترجمانی کرتی ہیں جو ضمانت پر ہیں، وہ ان کی ترجمانی بھی کرتی ہیں جن کو ہائی کورٹ نے بھگوڑا قرار دیا ہے۔