میرپورخاص،05 مارچ (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب اور پھولوں اور سبزیوں کی مینیجمینٹ کمیٹی کے تعاون سے پھولوں اور سبزیوں کے سالانہ فیسٹیول کے دوسرے روز بھٹائی کلچرل ہال میں اردو سندھی محفل مشاعرہ بعنوان ” شام گل پائے رنگ رنگ” منعقد ہوا۔
محفل مشاعرہ سے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI میرپورخاص زین العابدین میمن نے کہا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پھولوں اور سبزیوں کے سالانہ فیسٹیول کے موقع پر محفل مشاعرہ و آرٹ اور دیگر تقریبات کرانے کا مقصد لوگوں کو اپنے شہر میں تفریح ماحول فراہم کرنے کے ساتھ انہیں سندھ کی ثقافت کی معلومات اور ادب سے آگاہ کرناہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں شہر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کو اپنی پہچان بنانے کا موقع فرہم کیا گیا ہے، مشاعرے میں بین الاقوامی شعراء کرام کی شاعری سن کر انہیں بھرپور داد دی اور ان کے فن کو سراہا ۔انہوں نے کہا کے اپنے دیس کے شہر کی عوام کی خدمت کرنے کا موقع کسی کسی کو ملتا ہے میں کوشش کروں گا کے جب تک یہاں تعینات رہوں اس شہر کی عوام کی اور شہر کی خدمت اور بھلائی کے لیئے کام کروں۔
زین العابدین میمن نے کہا کے انسان سارا دن کام کرتا ہے جب وہ ایسے مشاعروں کی محفلوں میں بیٹھتا ہے تو ان کی پریشانیاں اور تھکاوٹ دور ہو جاتی ہیں ہم کوشش کریں گے کہ اس قسم کے مشاعرے اور مختلف تقریبات وقتنا فوقتنا کرائے جائیں اور چھ ماہ یا سال میں ان کا ایک دن مخصوص بھی کیا جائے تاکہ لوگوں کو مزید تفریح فراہم ہو اور بچوں میں تعلیم کے ساتھ شعرو شاعری کے مقابلے بھی کرائے جائیں تاکہ ان میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو۔
اس موقع پر فلاور اینڈ ویجیٹبل کامیٹی کے سیکریٹری محمد نواز خان نے کہا کے مشاعرے کا ماحول فراہم کرانے کا مقصد شہر کے لوگوں کو اس افرا تفری کےدور میں ذہنی سکون فراہم کرنا ہے کوشش کی جائے گی کہ انتظامیہ کے تعاون سے اس قسم کے مشاعرے ہر ماہ کرائے جائیں۔
اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن حزب الله میمن، اسسٹنٹ کمشنر سلیم شیخ، محمد خان کٹی، کریم میمن، اظہر کریم جیلانی، نویدسروش، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارميشن غوث محمد پٹھان و دیگر نے کراچی، حیدر آباد اور میرپورخاص سے شریک شعراء کی حوصلہ افزائی کے لیئے انہیں شیلڈ پیش کیں ۔ مشاعرے میں کراچی سے ریحانہ روحی، حیدر حسین، امزی آثم، آئرین فرحت، فخراللہ شاد، آفتاب عالم قریشی، عینہ، ثمر کوثر گل، حیدر آباد سے یونس اعظم، ظہیر الدین شمس میرپورخاص سے ماہر اجمیرکی، اسد شوکت، جاوید شیخ، قاضی اریب، حبیب الله، عبدالخالق امیر، آر کے پرساد سمیت دیگر شعراء کرام بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس، میرپورخاص











