اسلام آباد،11مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ طلبا علم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں، ملک میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کا فروغ ضروری ہے، کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد پاکستان کے ہر صوبے اور ہر سکول میں ہونا چاہئے، نوجوان کیریئر کے چنائو میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھیں، آئی ٹی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاک چائنا سنٹر میں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیراہتمام کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اہم تقریب میں شرکت ان کیلئے خوشی کا باعث ہے، انہوں نے تقریب کے انعقاد پر وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کا شکریہ ادا کیا۔
صدر نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت نے طلبا کی کونسلنگ کیلئے اچھا کام کیا ہے، ایسے پروگرام ملک کے تمام صوبوں میں ہونے چاہئے اور ان کا دائرہ کار بڑھانا چاہئے۔ ماضی میں کیریئر کونسلنگ نہیں تھی، اس لئے ماضی میں ملک میں بڑی تعداد میں طلبا نے ڈاکٹری کا پیشہ اختیار کرلیا اور ملک میں ہسپتالوں کی کمی اور روزگار کے مواقع کی عدم موجودگی کے باعث وہ بیرون ملک چلے گئے۔ انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لئے وہ علم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں، علم جہاں سے بھی ملے اسے حاصل کرنا چاہئے۔
صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ دوسروں تک پیغام پہنچانے کیلئے کمیونیکیشن سکلز بہت اہمیت کے حامل ہیں، سچائی کا دامن نہ چھوڑا جائے تو دنیا کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملک میں لاکھوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے چنائو میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھنا چاہئے، دنیا کو آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہے، آج خواتین گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے لاکھوں روپے کما رہی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی نے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے بھی راستے کھول دیئے ہیں، پاکستان کو نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، دنیا کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں ہنرمند افراد کی سخت ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے طلبا سے کہا کہ وہ اخلاقی تربیت پر اپنی توجہ مبذول کریں، اساتذہ کا احترام کریں اور اپنے والدین کے مشکور رہیں جنہوں نے انہیں پالا اور ان کی تربیت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ طلبا کو معاشرے میں ہمدردی کا جذبہ بھی رکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جس انداز سے ترقی کر رہا ہے اس کے نتیجے میں وہ جلد ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے، نوجوان نسل ملک کو ترقی کرتادیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سے سب سے زیادہ خطرہ نوجوانوں کو ہے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ناہید دُرانی نے اپنے خطاب میں تقریب میں شرکت پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم سمیت ملک کے ہر شعبہ میں ڈیجٹلائزیشن ہوئی ہے، دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، طلباء کی کیئریر کونسلنگ کے لیے 70سے زائد اداروں نے ایکسپو میں سٹال لگائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طلبا کو فیصلہ سازی کرتے ہوئے احتیاط کرنی ہو گی ۔
قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین وانی، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سمیت ماہرین تعلیم اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ماتحت اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں بلوچستان سے بھی بڑی تعداد میں طلبا شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طلبا کی کیئریر کونسلنگ کے لیے مقتقبل میں ایسی مزید تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا۔ تین روزہ ایکسپو میں ہائرایجوکیشن کمیشن ،آکسفیم، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، قائداعظم یونیورسٹی، پی ٹی سی ایل، کوڈ فیسٹ، اوجی ڈی سی ایل، وی فن ایجوکیشن سمیت بڑی تعداد میں مختلف اداروں نے طلباکی رہنمائی کے لیے سٹال لگائے ۔
سورس:وی این ایس، اسلا م آباد











